ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں کانگریس کا یوم طیش؛ نوٹ بندی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ

بنگلور میں کانگریس کا یوم طیش؛ نوٹ بندی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ

Tue, 29 Nov 2016 04:37:46    S.O. News Service

بنگلور 28/ نومبر (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے نوٹوں پر پابندی کے اقدام کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کانگریس نے صدر ہند سے اس معاملہ میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آج پارٹی کی طرف سے منائے گئے یوم طیش کے سلسلے میں ٹاؤن ہال کے روبرو ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جو غیر دانشمندانہ فیصلہ لے کر ملک کے عوام کو مشکلات میں دال دیا گیا ہے اس پر نظر ثانی کے لئے صدر جمہوریہ کو فورا مداخلت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں پر پابندی کی وجہ سے تکلیف سب سے زیادہ عوام کو ہوئی ہے۔ صاحب مال اپنے اپنے مال کو آسانی سے تبدیل کرچکے ہیں، جبکہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو گھنٹوں بینکوں کے باہر قطاروں میں ٹہر کر دھکے کھانے پڑرہے ہیں اب تک اس سلسلے میں ملک بھر میں 70 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہونے والی دشواریوں پر پردہ پوشی کرنے کے لئے وزیراعظم مودی اور ان کے ہمنوا سرکاری سرپرستی میں چلنے والے بعض چینلوں کے ذریعہ فرضی سروے کروارہے  ہیں اور یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ ملک کے عوام مودی کے فیصلے سے خوش ہیں جو کہ بعید از حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں پر پابندی کے عاجلانہ فیصلے سے جہاں عوام کو دشواریوں میں  اضافہ ہوا ہے وہیں ملک کا معاشی نظام بھی پوری طرح درہم برہم ہوچکا ہے اس صورتحال کو چھپانے کے لئے وزیراعظم جھوٹے اور جذباتی بیانات کا سہارا لے رہے ہیں۔ لوگوں کو بینکوں کے باہر قطاروں میں گھنٹوں گزارنا پڑ رہا ہے جبکہ کچھ لوگوں کو بینکوں سے باہر قطاروں میں کھڑے کھڑے جان تک بھی تلف کرنی پڑی ہے۔ ملک بھر میں بیشتر لوگ ہزار اور پانچ سو کے نوٹوں سے اپنی زندگیاں بسر کیا کرتے تھے، وزیراعظم کے اس اقدام سے آج ایک ایک پیسے کے محتاج ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت بر بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کی طرف سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات پر اپنی شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے امیت شاہ کو چیلنج کیا کہ ریاستی حکومت کی رشوت خوری کے خلاف اگر ثبوت ہیں تو منظر عام پر لائیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے مختلف فلاحی پروگراموں کو روبہ عمل لانے کے لئے بلاتاخیر گرانٹ مہیا کرائے جائیں اور ساتھ ہی گرانٹس کی فراہمی کے بعد یہ ثبوت پیش کیا جائے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے بغیر کسی رکاؤٹ کے کرناٹک کو امداد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کے لئے مودی نے نوٹوں پر پابندی راتوں رات لگادی تھی۔ لیکن اپنے اقرباء، اپنے متعمدین اور دیگر کو اس کی طلاع بہت پہلے سے تھی۔ ان لوگوں نے آسانی سے اپنے کالے دھن کو بدل لیا۔ اس احتجاج میں ریاستی وزراء جناب روشن بیگ، رام لنکا ریڈی، کرشنا بائرے گوڈا، رکن اسمبلی این اے حارث رکن کونسل رضوان ارشد، ایم ایم ریونا، کانگریس لیڈر جی اے باوا اور دیگر موجود تھے۔
 


Share: